بھٹکل:10/فروری (ایس او نیوز)جواہرلال نہرو یونیورسٹی دہلی کے ریسرچ اسکالر نجیب احمد کو فسطائی گروپ کی طرف سے اغواء کاری اور یونیورسٹی انتظامیہ اور پولس کی بے حسی کو لے کر اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کی طرف سے نجیب کے حق میں انصاف کا مطالبہ لے کر ملک بھر میں دستخطی مہم چلائی جارہی ہے۔ جس کے تحت جمعہ کو بھٹکل کی جامع مساجد کے باہر ایس آئی اؤ بھٹکل کے ممبران نے عوام سے دستخط لئے گئے ہزاروں عوام نے کھڑے ہوکر نجیب کے لئے انصاف کے مطالبے میں اپنی اپنی دستخط درج کرائی ۔
ایس آئی اؤ بھٹکل شاخ کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ملک میں ملک دشمن عناصر ماحول کو بگاڑنےکی کوشش میں ہیں ، ویسے ملت اسلامیہ مشکل دور سے گزررہی ہے، خاص کر مسلم طلبا کو کیمپس میں تنہا ، غیر محفوظ اور بے بس کرنےکی کوششیں جاری ہیں، جس کی زندہ مثال دہلی کے جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالر نجیب احمد کا اغواء کا معاملہ ہے۔ نجیب احمد کو فسطائی گروپ نے جے این یو ہاسٹل سے بلاوجہ 15اکتوبر 2016کو اغواء کیا ہے جس کا آج تک کوئی پتہ نہیں ۔ الزام عائد کیاگیا ہے کہ پولس اور یونیورسٹی انتظامیہ نجیب کو ڈھونڈنے میں جان بوجھ کر نظر انداز کررہی ہے۔ملک بھر کے عوام سے لئے گئے دستخطی مسودے کوایس آئی اؤ کے ذمہ داران مرکزی حکومت کو پیش کریں گے۔